لاہور: تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو ظہور الہٰی روڈ پر انکے گھر کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور میں واقع انکی رہائش گاہ ظہور پیلس کے قریب سے پولیس اور اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا اور گاڑی میں بٹھاکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، پولیس نے شیشہ توڑ کر پرویز الہیٰ کو گاڑی سے باہر نکالا، سی سی پی او لاہور بھی آپریشن کے دوران موقع پر موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کئی دنوں سے چوہدری پرویز الہٰی کی ریکی کررہی تھی اور وہ جیسے ہی ظہور الہٰی روڈ پراپنے گھر پہنچے تو وہاں پہلے سے تاک میں موجود پولیس اہلکاروں نے انکو گرفتار کرلیا۔
نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے، چوہدری پرویز الہیٰ کے ترجمان نے بھی انکی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی بدعنوانی کے مقدمات میں اینٹی کرپشن کو مطلوب تھے اور انکی گرفتاری کیلئے پولیس اور اینٹی کرپشن کی جانب سے کئی دنوں سے کوششیں کی جارہی تھیں۔