119

روس سے پہلی بار مال بردار گاڑیاں تجارتی سامان لیکر پاکستان پہنچ گئیں

 اسلام آباد: روس اور پاکستان کے تعلقات میں نیا باب رقم، ٹی آئی آر معاہدے کے تحت دونوں ممالک میں تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔

کسٹم حکام کے مطابق تاریخ میں پہلی بار روس کے ساتھ تجارت کا آغاز ہو گیا ہے، مال بردار گاڑیاں ماسکو سے تجارتی سامان لیکر طورخم کے راستے پاکستان میں داخل ہوگئیں۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ مارچ 2023 میں پاکستان اور روس کے درمیان ٹی آئی آر معاہدہ طے پایا تھا جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت شروع کی گئی ہے۔

کسٹم حکام کے مطابق روس سے آنے والی کارگو گاڑیوں میں دھاگہ اور چنا ہے، کسٹم کلیرنس کے بعد کارگو گاڑیوں کو جانے کی اجازت مل جائے گی۔

پاکستان روس کو چاول، ادویات، پھل اور اسپورٹس سامان سمیت 26 اشیاء برآمد کرے گا جبکہ روس سے گندم، دالیں، دھاگہ، پٹرولیم مصنوعات سمیت 11 اشیاء درآمد کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود نے پاک روس ٹرانسپورٹیشن معاہدے کے تحت  روس سے تجارتی سامان کی آمد کے موقع پر بیان میں کہا کہ روس مصنوعات ایکسپورٹ کرنے والا چوتھا بڑاملک ہے۔

مولانا اسد محمود نے کہا باہمی تجارت میں فروغ سے معاشی اور اقتصادی ترقی میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ پاکستان میوہ جات، ملبوسات، آلات جراحی اور زرعی اجناس برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

روس سے تجارت کے لیے نقل وحمل سرحدی اور کسٹم قواعد اور ضوابط پرمٹس اور اجازت ناموں کے ذریعے ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں