نئی دہلی: بھارتی بحریہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث نہ صرف اپنے افسران اور اہلکاروں کے جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہی ہے بلکہ یہ بھارتی عوام پر بھی ایک بوجھ بن گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی بحریہ کی غفلت و لاپرواہی کے باعث افسران اور اہلکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور ان کے حوصلے پست ہوگئے ہیں جب کہ بری کارکردگی کے باعث عوام میں بھی غم وغصہ پایا جاتا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی بحریہ کے ہر5 سال میں 1 جنگی جہاز تباہ اور ہر 2 سال میں ایک تربیت یافتہ افسر ہلاک ہوجاتا ہے۔ سنہ 2000 سے لے کر اب تک بھارتی بحریہ 26 بڑے حادثات کا شکار ہو چکی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر حادثات کپتان کی غفلت، غیر معیاری دیکھ بھال اور ناکافی تربیت کے باعث پیش آئے۔ صرف 2014 میں 11 حادثات ہوئے جن میں بھارتی بحریہ کے 21 افسران و جوان ہلاک ہوئے۔