ماسکو: یوکرین میں مصروفِ جنگ روسی فوجیوں کو جنگی ساز و سامان اور خوراک کی فراہمی کے لیے استعمال ہونے والے کریمیا کے اہم پُل پر ڈرون حملے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیٹو اجلاس کے بعد روس اور یوکرین جنگ میں شدت آگئی۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں۔
تازہ جھڑپ روس کے زیر تسلط یوکرین کے علاقے کریمیا میں ہوئی جہاں ایک انتہائی اہمیت کے حامل پُل پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ جس کے ذریعے روس یوکرین میں اپنی فوجیوں کو کمک فراہم کرتا ہے۔
کریمیا کے پُل پر ڈرون حملہ یوکرین کی اسپیشل سروسز نے کیا۔ پُل کو جزوی طور پر نقصان پہنچا اور 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ پُل پر آمد و رفت بھی معطل ہوگئی۔
روس کی وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا کہ یوکرینی حملے سے کریمیا کے قریب پل کی سڑک کو نقصان پہنچا ہے البتہ ستون اب بھی مضبوط اور محفوظ ہیں۔ روس نے ہلاکتوں کی بھی تصدیق نہیں کی۔
تاہم روسی میڈیا کے مطابق کریمیا پل پر ایک حادثے میں والدین ہلاک اور بیٹی زخمی ہوگئی لیکن حادثے کی نوعیت نہیں بتائی گئی۔