برازاویلا: عوامی جمہوریہ کانگو میں کوڈیکو جنگجوؤں نے صوبہ اتوری میں آئی ڈی پی کیمپ پر حملہ کرکے آگ لگادی جس میں 41 سے زائد افراد جل کر ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کوڈیکو جنگجوؤں نے صوبہ اٹوری میں اقوام متحدہ کے امن فوجی اڈے سے محض 5 کلومیٹر کی دوری پر واقع بے گھر افراد کے کیمپ میں گھس کر پہلے اندھا دھند فائرنگ کی اور اس کے بعد آگ لگا دی۔
حملہ آور جاتے ہوئے قیمتی اشیا بھی لوٹ کر لے گئے۔ کوڈیکو جنگجوؤں نے یہ حملہ ’’کوآپریٹو فار ڈیولپمنٹ‘‘ کی مدد سے کیا۔ یہ تنظیم علیحدگی پسند عسکری گروپوں کا اتحاد ہے جو کانگو سے آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور ملکی فوج کی گاڑیوں، قافلوں اور تنصیبات پر حملے میں ملوث رہے ہیں۔
سول سوسائٹی کے نمائندے ڈیزائر مالودرا نے اے ایف پی کو بتایا حملہ آوروں نے کیمپ میں موجود لوگوں کو گولیوں سے نشانہ بنایا، چاقو کے وار کیے اور آگ لگا دی۔
ایک مقامی شہری حقوق گروپ کے سربراہ چاریٹ بارزا نے رائٹرز کو بتایا کہ متاثرین کو اجتماعی قبر میں دفن کیا جائے گا۔